روضہ مبارک حضرت عباس (علیہ السلام) کا "مرکزی ثقافتی موکب" (الموکب الثقافي العام) کے قیام کا بنیادی مقصد قیامِ امام حسین (علیہ السلام) کے آفاقی مفاہیم اور پیغام کو عام کرنا ہے۔
ان خیالات کا اظہار میں مرکزی ثقافتی موکب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس موکب کے نگران ڈاکٹر محمد حسن جابر نے کیا کہ جو بابل – کربلا روڈ پر واقع "العلقمی کمپلیکس" میں لگایا گیا ہے۔
ڈاکٹر محمد حسن جابر نے کہا: قیام حسینی کا سب سے نمایاں پہلو انحراف کے شکار معاشرے کو شعور و آگاہی اور اصلاح کا پیغام دینا تھا۔ امام حسین علیہ السلام کا بلند کردہ اصلاح کا علم کوئی عارضی موقف نہیں تھا بلکہ معاشرتی تبدیلی کا ایک مکمل منصوبہ تھا۔ واقعۂ کربلا اور اس کے بعد امام سجاد علیہ السلام اور جناب زینب سلام اللہ علیہا کے مواقف و خطبات اسی شعور کی آبیاری اور اس پیغام کو دوام بخشنے کا تسلسل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ روضہ مبارک نے کربلا معلیٰ کی جانب آنے والے اہم راستوں پر تین سال قبل ثقافتی مواکب کے قیام کا آغاز کیا کہ جس کا مقصد حسینی شعور کی بیداری اور قیامِ امام حسین (ع) کے مقاصد کی ترویج کی ضرورت کو پورا کرنا ہے، تاکہ اربعین کی اس مشی (پیادہ مارچ) کو زائرین میں روز افزوں حسینی شعور کو برقرار رکھنے کا ذریعہ بنایا جا سکے۔
ڈاکٹر جابر نے اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ العلقمی کمپلیکس میں مرکزی ثقافتی موکب کی تیاریوں کا کام روضہ مبارک کے مختلف شعبہ جات اور العلقمی کمپلیکس کے تعاون سے تقریباً دس دنوں تک جاری رہا۔
انہوں نے اختتام پر بتایا کہ اس موکب میں روضہ مبارک کے ۱۰ مختلف شعبہ جات اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔ ان تمام تر کاوشوں کا مقصد حسینی شعور کو زائرین کے قلوب میں پختہ کرنا ہے تاکہ اس کے مثبت اثرات زیارتِ اربعین کے دوران اور اس کے بعد بھی ان کے عمل و کردار سے ظاہر ہوں۔



